این ایف سی انسٹیٹیوٹ کا شعبہ ریسرچ غیر فعال

این ایف سی انسٹیٹیوٹ  کا شعبہ ریسرچ غیر فعال

شعبہ کے غیر فعال ہو نے سے ادارے کی افادیت ختم ہو رہی ،ملازمین کی نمائندہ تنظیم ایمپلائز یونین نے حکامِ بالا کو شعبہ کی فوری بحالی کے لیے تحریری طور پر آگاہ کر دیا

فیصل آباد (عاطف صدیق کاہلوں)این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ فرٹیلائزر ریسرچ فیصل آباد میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ (R&D) ڈیپارٹمنٹ کے غیر فعال ہونے سے ادارے کے قیام کا بنیادی مقصد فوت ہو کر رہ گیا ہے ۔ اس صورتحال پر ادارے کے ملازمین کی نمائندہ تنظیم ایمپلائز یونین سی بی اے نے حکامِ بالا کو شعبہ کی فوری بحالی کے لیے تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے ۔ایمپلائز یونین سی بی اے کی جانب سے ارسال کی گئی درخواست کے مطابق این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ فرٹیلائزر ریسرچ کا قیام ہی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے عمل میں لایا گیا تھا، تاہم مذکورہ شعبہ کے غیر فعال ہونے سے ملکی صنعت میں اہم کردار ادا کرنے والا یہ ادارہ اپنی افادیت کھوتا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق قیامِ پاکستان کے بعد ملک کی پہلی انڈسٹری تیزاب مل (لائلپور کیمیکل اینڈ فرٹیلائزر لمیٹڈ) کا پلانٹ 1958 میں جڑانوالہ روڈ پر نصب کیا گیا، جس کے لیے تحقیق اور بہتری کی غرض سے باقاعدہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کا شعبہ قائم کیا گیا۔

بعد ازاں 1986 میں فرٹیلائزر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ کا قیام عمل میں آیا۔ نوے کی دہائی میں ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے پیش نظر تیزاب مل کا پلانٹ جڑانوالہ روڈ سے شہری علاقے سے باہر منتقل کیا گیا جبکہ 1998 میں بی ایس سی کیمیکل انجینئرنگ کی کلاسز کا آغاز کیا گیا۔مذکورہ ادارہ ملکی صنعتی ضروریات کے لیے تحقیق، انجینئرنگ کی تعلیم و تربیت میں ایک نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے ، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی غیر فعالیت کے باعث ادارے کی ساکھ شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ اس کی بنیادی وجوہات میں موجودہ انتظامیہ کی عدم توجہی اور وژن کا فقدان شامل ہے۔

دیگر عوامل میں مختلف ادوار میں ادارے کی نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن سے علیحدگی اور وزارتِ صنعت و پیداوار سے منتقل ہو کر وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے ماتحت آنا شامل ہے ، جبکہ انتظامی غفلت کے باعث قیمتی مشینری وقت کے ساتھ ناکارہ ہوتی جا رہی ہے ۔اس تمام صورتحال پر ایمپلائز یونین سی بی اے کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اسلام آباد اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ فرٹیلائزر ریسرچ کو ارسال کردہ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو فوری طور پر مکمل طور پر فعال کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں