جڑانوالہ: غیر رجسٹرڈ ہاؤسنگ کالونی میں بجلی چوری کاانکشاف
کھمبے ، میٹر اور تار برآمد ،سوسائٹی مالک سمیت فیسکو افسر مقدمہ میں نامزد
فیصل آباد،جڑانوالہ (نیوز رپورٹر،نمائندہ دنیا) جڑانوالہ میں ہاؤسنگ کالونی مالکان اور فیسکو افسروں کی مبینہ ملی بھگت سے بڑے پیمانے پر بجلی چوری کا انکشاف ہوا ہے ۔ سوسائٹی مالکان کو بجلی چوری کے الزام میں گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ ایف آئی آر میں مقامی فیسکو سب ڈویژنز کے دو ایس ڈی اوز اور ایک لائن سپرنٹنڈنٹ کو بھی غیر قانونی طور پر بجلی سپلائی دینے کے الزام میں نامزد کیا گیا ہے ۔سب انسپکٹر محمد اجمل کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق تھانہ ایف آئی اے کی ٹیم نے ٹیکنیکل اسسٹنٹ فیسکو محمد امین کے ہمراہ 126 گ ب میں کارروائی کی۔
جہاں غیر رجسٹرڈ اور بجلی کے لیے غیر منظور شدہ ہاؤسنگ کالونی کو غیر قانونی طور پر بجلی فراہم کیے جانے کے شواہد ملے ۔کارروائی کے دوران بجلی کے کھمبے ، میٹر اور سینکڑوں فٹ تار موقع سے برآمد کر لیے گئے ۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق موقع پر موجود چند افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔فیسکو اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت کے الزام میں ہاؤسنگ کالونی کے مالک عابد ڈوگر کے ساتھ ایس ڈی اوز محمد نوید، احسن جہانگیر اور لائن سپرنٹنڈنٹ محمد کاشف کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے ۔