حکومتی نااہلی سے ادویات انتہائی مہنگی ہو چکیں:جماعت اسلامی

حکومتی نااہلی سے ادویات انتہائی مہنگی ہو چکیں:جماعت اسلامی

سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی بھی بند ، بلیک مارکیٹنگ ختم کرائی جائے پروفیسر محبوب الزماں بٹ، میاں طاہر ایوب اور میاں انوارالحق کا مشترکہ بیان

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنماؤں پروفیسر محبوب الزماں بٹ، میاں طاہر ایوب اور میاں انوارالحق ایڈووکیٹ نے ادویات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کے باوجود ادویات مارکیٹ سے غائب ہیں ، سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی بھی بند ہو چکی ، پنجاب بھر میں ادویات ساز کمپنیوں کی ملی بھگت سے بلیک مارکیٹنگ جاری ہے جس کے باعث ادویات عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکیں۔اپنے مشترکہ بیان میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومتی نااہلی اور مجرمانہ خاموشی کے باعث ملک میں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

حکومتی غفلت کے باعث عوام کو ادویات ساز کمپنیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا جو انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں،مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ عوام خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عوام کے بنیادی مسائل ان کی دہلیز پر حل نہیں ہوں گے ، معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا،معاشی بدحالی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا جبکہ علاج و معالجے کی سہولیات ناپید، پینے کا پانی ناقص، اشیائے خوردونوش مہنگی اور امن و امان کی غیر یقینی صورتحال نے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ادویات کا معیار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی ارزاں نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے اور بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ کرایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں