ڈی جی ایگریکلچرفوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کاجی سی یوکا دورہ

ڈی جی ایگریکلچرفوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کاجی سی یوکا دورہ

وی سی و فیکلٹی ممبران سے فوڈ سیفٹی، زراعت ودیگرشعبوں میں تعاون پرگفتگو

فیصل آباد (نیوز رپورٹر،سٹی رپورٹر)پنجاب ایگریکلچرفوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا جس کا مقصد سائنسی اور تحقیقی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شہزاد تنویر اور ڈاکٹر ناصر نے اپنے اداروں کی رپورٹ پیش کیں۔ پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم اور سائنس و زرعی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی۔ اکیڈیمیا، انڈسٹری اور ریگولیٹری اداروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے ، تحقیق، جدت اور عملی اطلاق کو فروغ دینے خصوصاً فوڈ سیفٹی، زراعت ،فارماسیوٹیکل اور میڈیکل سائنسز کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیکلٹی کو PAFDA کی جدید ترین لیبارٹریز، ٹیسٹنگ سہولیات اور ان ٹیکنالوجیز بارے بریفنگ دی گئی جو خوراک، زرعی اجناس، ادویات اور طبی مصنوعات کے تجزیے کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے معیار اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے سائنسی تعاون اور علم کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مستقبل قریب میں جی سی یونیورسٹی اور PAFDA کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائینگے ۔ اس تعاون میں مشترکہ تحقیقی منصوبے ، لیبارٹری سپورٹ اور سیمپل ٹیسٹنگ کی سہولیات فراہمی شامل ہوگی، جس سے اساتذہ، محققین اور طلبہ کو قیمتی مواقع میسر آئیں گے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں