پی ای سی ٹیم کا دورہ، انجینئرنگ پروگرامز کی ایکریڈیشن مکمل
تعلیمی نظام، نصاب، لیبارٹریز، فیکلٹی پروفائلز اور بنیادی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) کی ایک اعلیٰ تشخیصی ٹیم نے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی (این ٹی یو) فیصل آباد کا دورہ کیا، جہاں بی ایس ٹیکسٹائل انجینئرنگ اور بی ایس پولیمر انجینئرنگ (بیج 2022 تا حال) پروگراموں کی ایکریڈیشن کا عمل مکمل کر لیا گیا۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق پی ای سی ایکریڈیشن ٹیم کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر نے کی۔ ٹیم میں ٹیکسٹائل انجینئرنگ کے ماہرین انجینئر معظم خلیل، پروفیسر ڈاکٹر اویس کھتری اور انجینئر ڈاکٹر عامر عباس شامل تھے ، جبکہ پولیمر انجینئرنگ کے شعبے سے ڈاکٹر محمد زمان اور پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے بطور ماہر خدمات انجام دیں۔دورے کے دوران پی ای سی ٹیم نے مقررہ ایکریڈیشن معیارات کے مطابق تعلیمی نظام،
نصاب، لیبارٹریز، فیکلٹی پروفائلز اور بنیادی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق اس عمل کا مقصد پی ای سی کے معیارات کو یونیورسٹیوں میں نافذ کرنا اور تعلیمی معیار کو عالمی سطح کے مطابق بنانا ہے تاکہ ملک کو ہنر مند انجینئرز میسر آئیں اور عالمی سطح پر پاکستانی انجینئرز کی طلب میں اضافہ ہو۔اس موقع پر یونیورسٹی کے ریکٹر/وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر راشد مسعود، ڈین اسکول آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، چیئرپرسن ٹیکسٹائل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر حفصہ جمشید اور چیئرمین پولیمر انجینئرنگ ڈاکٹر عثمان ظہیر نے ٹیم کا استقبال کیا۔واضح رہے کہ پی ای سی کی تشخیصی ٹیمیں ملک بھر کی انجینئرنگ جامعات کے دورے کر کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہیں۔