جھنگ :غیر قانونی منی پٹرول پمپس ، شہریوں میں تشویش
جھنگ :غیر قانونی منی پٹرول پمپس ، شہریوں میں تشویشپمپس رہائشی آبادیوں کے درمیان چلائے جا رہے ،بڑے حادثے کا خدشہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )شہر بھر کی مرکزی شاہراہوں اور گنجان آبادیوں میں غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کی موجودگی نے شہریوں کیلئے خطرات میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ سول ڈیفنس سمیت متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق مختلف مقامات پر قائم یہ منی پٹرول پمپس رہائشی آبادیوں کے درمیان چلائے جا رہے ہیں، جس کے باعث کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ موجود ہے ۔ ماضی میں بھی ایسے غیر قانونی پمپس کے باعث جانی و مالی نقصان کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔شہریوں کے مطابق متعدد بار متعلقہ اداروں کو نشاندہی کی گئی، تاہم کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ اس صورتحال کے باعث غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔یاد رہے کہ ماضی میں اعلیٰ حکام کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی تھی کہ منی پیٹرول پمپ لگانے یا اس میں سہولت کاری کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے ، تاہم اس پر عملدرآمد نہ ہونے سے صورتحال مزید بگڑ گئی ہے ۔شہریوں نے کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر جھنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے غیر قانونی منی پیٹرول پمپس کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے ۔