پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی،800کلو مضر صحت گوشت تلف
ہولی فیملی ہسپتال کے قریب میٹ شا پ پر چھاپہ، پانی ملاہوا، بدبودار گوشت برآمد
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)راولپنڈی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر علی الصبح ہولی فیملی ہسپتال کے قریب واقع میٹ شاپ پر اچانک چھاپہ مار تقریباً 800کلوگرام پانی ملاہوا، بدبودار اور غیر تصدیق شدہ گوشت برآمد کرکے موقع پر تلف کر دیا ۔اتھارٹی کے مطابق چھاپے کے دوران موجود ویٹرنری ڈاکٹر نے گوشت کا معائنہ کرنے کے بعد اسے انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تلف کیے گئے گوشت کی مالیت تقریباً 9 لاکھ روپے بنتی ہے ۔مزید کارروائی کرتے ہوئے میٹ شاپ کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ دکان پر کام کرنے والے ملازمین کے پاس میڈیکل سرٹیفیکیٹس بھی موجود نہیں تھے جو کہ فوڈ سیفٹی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں ناقص اور مضر صحت گوشت کے خلاف کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری ہے اور شہریوں کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔