جڑانوالہ غلہ منڈی میں تجاوزات،بے ضابطگیوں پرتحفظات
جڑانوالہ غلہ منڈی میں تجاوزات،بے ضابطگیوں پرتحفظات زمینداروں کے لیے پینے کے پانی اور سایہ دار جگہ کی سہولت نہ ہونے کے برابر
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )پنجاب کی تاریخی غلہ منڈی جڑانوالہ میں انکروچمنٹ اور انتظامی بے ضابطگیوں کی بھرمار پر زمینداروں، انجمن تاجران اور سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ایشیا کی بڑی غلہ منڈیوں میں شمار ہونے والی اس منڈی میں زمینداروں کے لیے پینے کے پانی اور سایہ دار جگہ کی سہولت نہ ہونے کے برابر ہے ، جبکہ خرید و فروخت کا نظام بھی مسائل کا شکار ہے ۔زمینداروں کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر مقررہ ڈیڑھ فیصد کے بجائے بعض آڑھتی چار فیصد تک کمیشن وصول کر رہے ہیں، جبکہ کانٹوں میں مبینہ ہیرا پھیری سے وزن میں کمی بیشی کر کے کسانوں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ۔مزید بتایا گیا ہے کہ متعدد آڑھتیوں نے پنجاب مارکیٹ کمیٹی کی زمین پر تقریباً دو مرلہ سے زائد اراضی پر غیر قانونی تعمیرات بھی کر رکھی ہیں، جس سے انکروچمنٹ کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈائریکٹر ایگریکلچرل مارکیٹ کمیٹی، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی جڑانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی تجاوزات ختم کی جائیں، کمیشن کے نظام کی شفافیت یقینی بنائی جائے اور غیر قانونی ٹرک پارکنگ اسٹینڈ بھی ختم کیا جائے ۔