ناقص سکیورٹی ،جنرل ہسپتال سمن آباد میں فائرنگ
2گروپوں کے درمیان لڑائی ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا ،مو جود افراد گتھم گتھا گو لی چلنے سے بھگدڑ مچ گئی ، مریضوں کے لواحقین خوف کا شکار ہو گئے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کی ناقص سکیورٹی کے باعث ہسپتال میں لڑائی جھگڑے اور مبینہ فائرنگ کا واقعہ پیش آنے سے مریضوں اور ان کے لواحقین میں خوف و ہراس پھیل گیا۔تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے چک نمبر 230 رب میں دو گروپوں کے درمیان ہونے والے لڑائی جھگڑے کے بعد زخمیوں کو میڈیکل رپورٹ کے حصول کیلئے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد منتقل کیا گیا، جہاں دونوں گروپوں کے افراد آپس میں مبینہ طور پر گتھم گتھا ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق ہسپتال سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث مسلح افراد اسلحہ سمیت ہسپتال کے اندر داخل ہوگئے ۔
اس دوران نئی بلڈنگ میں لڑائی جھگڑے کے دوران مخالفین پر مبینہ فائرنگ بھی کی گئی، جس سے ہسپتال میں بھگدڑ مچ گئی اور مریضوں سمیت ان کے اہلخانہ شدید خوف کا شکار ہوگئے ۔عینی شاہدین کے مطابق واقعہ کے بعد ملزمان ہسپتال سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں مبینہ طور پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عام مریضوں اور لواحقین کو ہسپتال میں داخلے اور ڈاکٹرز تک رسائی میں سختی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، تاہم ایسے واقعات کی روک تھام میں سکیورٹی نظام ناکام دکھائی دیتا ہے ۔ادھر تھانہ سمن آباد پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر لڑائی جھگڑا اور مبینہ فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔