ٹریفک حادثات کی روک تھام ، قوانین پر سخت عملدرآمد کا فیصلہ
اوور اسپیڈنگ اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ آفیسر پنجاب ہائی وے پٹرول آصف رحیم بٹ اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر عاطف ندیم بھٹی کی زیر صدارت اجلاس میں روڈ حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کر لی گئی۔اجلاس میں ضلع بھر میں بڑھتے ہوئے جان لیوا ٹریفک حادثات کے پیش نظر جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اوور اسپیڈنگ اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اجلاس میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے ، شاہراہوں پر محفوظ سفر کے فروغ اور حادثات میں کمی کے لیے مشترکہ ڈیوٹی پلان بھی تیار کیا گیا۔افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اہم شاہراہوں اور مرکزی سڑکوں پر کڑی نگرانی رکھیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائیں۔