آپریشن تھیٹر میں بے ہوشی کی مشین خراب، شہری پر یشان

آپریشن تھیٹر میں بے ہوشی کی مشین خراب، شہری پر یشان

تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لالیاں میں بعض اوقات بے ہوشی کے بغیر آ پریشن کئے جا رہے

لالیاں (نمائندہ دنیا)تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لالیاں کے آپریشن تھیٹر میں بے ہوشی کی مشینری عرصہ دراز سے خراب ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، اور مریض بڑے آپریشنز کے لیے پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لالیاں میں آپریشن تھیٹر کی اینستھیزیا مشین طویل عرصے سے غیر فعال ہے ، جس کی وجہ سے تحصیل بھر سے آنے والے مریض بڑے آپریشنز کی سہولت سے محروم ہیں۔ ہسپتال میں اینستھیزیا کے تین ڈاکٹر موجود ہونے کے باوجود مشینری کی خرابی کے باعث خدمات مؤثر طور پر فراہم نہیں کی جا رہیں۔ذرائع کے مطابق دو سرجن اور ایک گائناکالوجسٹ بھی ہسپتال میں تعینات ہیں، تاہم وہ زیادہ تر او پی ڈی تک محدود ہیں جبکہ بعض اوقات بے ہوشی کے بغیر صرف معمولی نوعیت کے آپریشن کیے جا رہے ہیں۔

صورتحال کے باعث مریضوں کو بڑے آپریشنز کے لیے پرائیویٹ ہسپتالوں کا مشورہ دیا جاتا ہے ، جس پر وہ لاکھوں روپے کے اضافی اخراجات برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں تزئین و آرائش پر سالانہ لاکھوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں، تاہم آپریشن تھیٹر کی بنیادی مشینری کو فعال بنانے پر توجہ نہیں دی جا رہی۔اہل علاقہ نے ڈی سی چنیوٹ اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لالیاں کے آپریشن تھیٹر کو فوری طور پر فعال بنایا جائے تاکہ عوام کو سرکاری سطح پر صحت کی بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں