ٹو بہ :اندراجِ پیدائش و وفات کا آسان نظام بھی شہریوں کیلئے مشکل
لوکل گورنمنٹ دفتر کے بعض اہلکار درخواست گزاروں کو بار بار چکر لگوانے لگے
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)حکومت پنجاب کی جانب سے اندراجِ پیدائش اور وفات کے طریقہ کار کو آسان بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اختیارات لوکل گورنمنٹ افسران کو منتقل کیے جانے کے باوجود ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شہریوں کو بدستور شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں عدالتوں، محکمہ صحت، ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور دیگر دفاتر کے چکر لگانے پڑتے تھے ، تاہم نظام کی آسانی کے لیے اختیارات لوکل گورنمنٹ کو منتقل کیے گئے ، مگر عملی صورتحال میں بہتری کے بجائے مسائل برقرار ہیں۔ لوکل گورنمنٹ دفتر کے بعض اہلکار درخواست گزاروں کو بار بار دفاتر کے چکر لگواتے ہیں، جبکہ کئی ماہ قبل جمع کروائی گئی درخواستیں تاحال زیر التوا ہیں۔ سائلین کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی درخواستوں کی پیش رفت سے متعلق واضح معلومات بھی فراہم نہیں کی جاتیں۔