کمالیہ:مرکزی قبرستان منشیات فروشوں کی آماجگاہ بن گیا

کمالیہ:مرکزی قبرستان منشیات فروشوں کی آماجگاہ بن گیا

دن کی روشنی میں بھی مشکوک افراد بلا روک ٹوک اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے

کمالیہ (نمائندہ خصوصی)کمالیہ شہر کے وسط میں واقع مرکزی قدیمی قبرستان عیدگاہ خیرا شہید منشیات فروشوں اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی مبینہ آماجگاہ بن گیا ہے ، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ قبرستان میں دن کی روشنی میں بھی مشکوک افراد بلا روک ٹوک اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہاں چرس اور دیگر نشہ آور اشیاء کی فروخت کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کے ان سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق قبرستان میں نشہ آور افراد اور جرائم پیشہ عناصر کی چوبیس گھنٹے موجودگی محرم الحرام کے مقدس مہینے میں باعث تشویش ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض افراد رات کے اوقات میں مبینہ طور پر چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے بعد اسی مقام پر پناہ لیتے ہیں۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران جہاں بڑی تعداد میں لوگ اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے آتے ہیں، وہاں ایسے عناصر کی موجودگی خوف و ہراس کا باعث بن رہی ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈی پی او، اسسٹنٹ کمشنر، ڈی ایس پی کمالیہ سمیت سی سی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات سے بچایا جا سکے اور جرائم کی شرح میں کمی لائی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں