قیامِ امن کیلئے سیرتِ نبویؐ کے اصول اپنانا ہوں گے : مقررین

 قیامِ امن کیلئے سیرتِ نبویؐ کے اصول اپنانا ہوں گے : مقررین

دین اسلام امن، محبت، بھائی چارے اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ عبدالرشید حجازی نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی، معاشرتی، سیاسی اور سماجی بحرانوں سے نکالنے ، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے سیرتِ نبویؐ اور خلفائے راشدین کے طرزِ حکمرانی کو اپنانا ناگزیر ہے ۔وہ منٹگمری بازار فیصل آباد میں منعقدہ 35ویں سالانہ خلافتِ راشدہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر قاری صہیب احمد میر محمدی، علامہ ارشاد الحق اثری، رانا محمد شفیق خاں پسروری، قاری محمد حنیف ربانی، مولانا شیخین توحیدی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ دین اسلام امن، محبت، بھائی چارے اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے ۔ محرم الحرام سمیت سال بھر ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ دوسرے مسلمان کے احترام کو مقدم رکھتے ہوئے اتحاد و یگانگت اور امن و امان کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد پر چند شرپسند اور اسلام دشمن عناصر فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کرتے ہیں، جس کے باعث سیکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کو اضافی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کریں جو ملک کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔کانفرنس میں حافظ مسعود عالم، حافظ محمد شریف، پروفیسر امین الرحمن ساجد، مولانا عبدالرحمن آزاد، قاری محمد ارشد، محمد سعید چنیوٹی، خالد محمود اعظم آبادی، محسن حمید، محمد انور نعیم، شیخ محمد اسحاق، سکندر حیات زکی، حکیم ثناء اللہ ثاقب، قاری بشیر احمد عزیزی، حاجی محمد عابد، حافظ یونس ربانی، عبدالصمد معاذ، محمد قیوم انور، حافظ محمد شاہد سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں