پیپلز پارٹی کے اعجاز چودھری کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تنقید
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد اعجاز چودھری نے شدید گرمی اور حبس کے دوران غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی طویل بندش نے عوام، صنعتکاروں اور مزدور طبقے کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے دانہ سر میں اے سی کوچ کھائی میں گرنے کے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر فیصل آباد کے ڈویژنل صدر چودھری خادم حسین کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈویژنل جنرل سیکرٹری پی ایل بی لال حسین راشد، ڈویژنل و ڈسٹرکٹ میڈیا کوآرڈینیٹر محمد طاہر شیخ، سید علی اکبر کاظمی، چاندے شاہ، رائے عابد کھرل، شاہد گوگا، چودھری بلال امانت، چودھری محمد رفیق جٹ اور دیگر بھی موجود تھے ۔محمد اعجاز چودھری نے کہا کہ آٹھ سے دس گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے غریب عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے ۔ ان کے مطابق بجلی کی بندش سے ملکی معیشت متاثر ہو رہی ہے ، جبکہ مزدور، کسان، ریڑھی بان، چھوٹے دکاندار، پاور لوم صنعت اور فیکٹری مالکان شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔