تھانہ ڈجکوٹ کی دونوں موبائل گاڑیاںخراب، کار کر دگی متاثر
ریسکیو پولیس سروس 15 پر موصول ہونے والی کالز پر بروقت رسپانس دینا مشکل
ڈجکوٹ(نمائندہ دنیا )تھانہ ڈجکوٹ کی دونوں سرکاری موبائل وینز طویل عرصے سے خراب ہونے کے باعث پولیس کی کارکردگی متاثر ہونے لگی ہے ، جس سے شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق ہنگامی صورتحال میں ریسکیو پولیس سروس 15 پر موصول ہونے والی کالز پر بروقت رسپانس دینا مشکل ہو گیا ہے ۔ پولیس کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جس سے مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، جبکہ پولیس کے پاس فعال موبائل وینز نہ ہونے کے باعث فوری کارروائی ممکن نہیں رہتی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کو عدالت یا دیگر تھانوں میں منتقل کرنا بھی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے ۔ اس مقصد کیلئے اکثر دوسرے تھانوں سے گاڑی منگوانا پڑتی ہے یا متبادل انتظام کرنا پڑتا ہے ، جس سے وقت اور وسائل دونوں ضائع ہوتے ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے سی پی او فیصل آباد اور اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ ڈجکوٹ کو فوری طور پر نئی یا قابلِ استعمال موبائل وینز فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں کو بروقت پولیس سہولت میسر آ سکے ، جرائم پر مؤثر قابو پایا جا سکے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments