جھنگ: 12گینگز کے 34ارکان گرفتار، ایک کروڑ کا مال برآمد
کریک ڈاؤن کے دوران 167 اشتہاری مجرم اور 41 عدالتی مفرور بھی گرفتار کیے
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈی پی او ساجد حسین کی قیادت میں جھنگ پولیس نے ماہ جولائی کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔پولیس کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 12 خطرناک کریمنل گینگز کے 34 ارکان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا۔ضلع بھر میں جاری کریک ڈاؤن کے دوران 167 اشتہاری مجرمان اور 41 عدالتی مفرور بھی گرفتار کیے گئے ، جبکہ غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کارروائیوں میں 36 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔منشیات کے خلاف خصوصی مہم کے دوران 141 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 168 کلوگرام چرس، 2 کلوگرام ہیروئن، 976 لٹر شراب، 765 لیٹر لہن اور دو چالو بھٹیاں برآمد کی گئیں۔ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے کہا کہ جھنگ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت متحرک ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور کسی بھی مجرم کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے جھنگ میں کوئی جگہ نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments