زہریلی شراب کیس میں مرکزی ملزم سمیت3گرفتار
واقعے میں ملوث مزید چار نامعلوم ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کیلئے چھاپے
پیرمحل(نمائندہ دنیا )زہریلی شراب کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ چار نامعلوم ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ کی خصوصی ہدایات پر تھانہ بھسی پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ زہریلی شراب کیس میں اہم کامیابی حاصل کی۔ ایس ایچ او تھانہ بھسی ارسلان رشید گجر کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے مسلسل چھاپوں اور جدید تفتیشی حکمت عملی کے ذریعے مرکزی ملزم حیدر، ریاض اور یاسر عباس کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث مزید چار نامعلوم ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کی تفتیش ہر پہلو سے جاری ہے اور واقعے میں ملوث تمام کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔یاد رہے کہ اس افسوسناک واقعے میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے چار افراد جاں بحق جبکہ دو افراد محفوظ رہے تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments