خودساختہ مہنگائی ، اشیائے خوردونوش عوام کی پہنچ سے دور
پھل، سبزیاں، گھی، دالیں، آٹا، چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں
چناب نگر(نامہ نگار) چناب نگر شہر اور گرد و نواح میں خودساختہ مہنگائی کے باعث اشیائے خوردونوش کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں۔ آئے روز بڑھتی مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ روزمرہ استعمال کی کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب عوام کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔ ان کے مطابق پھل، سبزیاں، گھی، دالیں، آٹا، چینی سمیت دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جبکہ عوام کی قوتِ خرید جواب دے چکی ہے ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ خودساختہ مہنگائی سے عوام شدید پریشان ہیں، جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال دکھائی دے رہی ہیں۔ ان کے بقول سرکاری ریٹ لسٹ پر عمل درآمد کرانے کے بجائے دکاندار اشیائے خوردونوش کے من مانے ریٹ وصول کرکے عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر روز مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے ، جس سے گھریلو اخراجات پورے کرنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے ، جبکہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر چنیوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر سرکاری ریٹ لسٹ پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو خودساختہ مہنگائی سے نجات مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments