چناب نگر:بارش کے بعد قبرستان کی متعدد قبریں زمین بوس
انتظامیہ مسئلے سے آگاہ ہونے کے باوجود اب تک کوئی عملی اقدام نہیں کر سکی
چناب نگر(نا مہ نگار )حالیہ بارش کے بعد مقامی قبرستان میں متعدد قبریں زمین بوس ہوگئیں، جبکہ بارش کا پانی جمع ہونے اور مٹی بیٹھ جانے کے باعث کئی قبروں کے نشانات بھی مٹ گئے ۔مقامی شہریوں کے مطابق قبرستان میں نکاسی آب کا مؤثر نظام موجود نہیں، جس کی وجہ سے ہر بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہوتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اس مسئلے سے آگاہ ہونے کے باوجود اب تک کوئی عملی اقدام نہیں کر سکی۔اہل علاقہ نے اس صورتحال پر شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قبروں کے متاثر ہونے سے مرحومین کے احترام کو ٹھیس پہنچ رہی ہے ۔ قبرستان آنے والے افراد نے بتایا کہ وہ اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے آتے ہیں، مگر کئی قبروں کے نشانات مکمل طور پر مٹ چکے ہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قبرستان کی فوری مرمت کرائی جائے اور نکاسی آب کا مستقل انتظام کیا جائے تاکہ آئندہ بارشوں کے دوران ایسی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments