پولیس ملازمین ، اہلخانہ کوعلاج کیلئے 18لاکھ 35ہزار جاری
میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سفارشات ، سکروٹنی کے بعد فنڈز منظور
لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب پولیس عبدالکریم نے ملازمین اور انکے اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے مزید 18لاکھ 35ہزار روپے کے مالی امدادی فنڈز جاری کردیئے ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی نے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سفارشات اور سکروٹنی کے بعد فنڈز کی منظوری دی۔ اس موقع پر آئی جی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں مصروف ملازمین اور انکے اہل خانہ کی بہترین فلاح و بہبود محکمہ کی اولین ترجیح ہے ۔ مختلف اداروں کے ساتھ ایم او یوزکے تحت بھی ملازمین کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات دی جا رہی ہیں۔جاری کیے گئے فنڈز کے تحت ڈرائیور کانسٹیبل عمران شریف کو کینسر کے علاج کیلئے 5 لاکھ ، اے ایس آئی امجد رؤف کو عارضہ قلب کے علاج کیلئے 2 لاکھ جبکہ ہیڈ کانسٹیبل عبدالغفار کو اپینڈیکس کے علاج کیلئے ایک لاکھ 20 ہزار ،اسی طرح ریٹائرڈ سب انسپکٹر اشرف، اے ایس آئی اشفاق، نائب قاصد اویس، اے ایس آئی طارق محمود، ہیڈ کانسٹیبل احمد، کانسٹیبل شہزاد منیر، سب انسپکٹر جاوید اور غازی کانسٹیبل عدیل جمیل کو علاج معالجے کی مد میں ایک، ایک لاکھ جاری کیے گئے ۔مزید برآں کانسٹیبل عمر فاروق، کانسٹیبل دل محمد اور ریٹائرڈ کانسٹیبل اصغر کو علاج کیلئے مجموعی طور پر 2 لاکھ 15 ہزار کی مالی امداد فراہم کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments