پٹرولیم لیوی ختم ،عوام کو ریلیف دیا جائے : جماعت اسلامی خواتین
حکومت عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنے اخراجات میں کمی کرے
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)جماعت اسلامی شعبہ خواتین کی ضلعی ناظمہ سعدیہ رحمان نے کہا ہے کہ حکمران پٹرولیم لیوی کی مد میں عوام پر اضافی بوجھ ڈال رہے ہیں۔ حکومت عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی مراعات اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کرے ۔ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی مہم کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔وہ المرکز الاسلامی، چنیوٹ بازار میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر نائب ناظمہ میمونہ لطیف، نجمہ خانم، بشریٰ صادقہ اور ڈاکٹر فہمیدہ الیاس بھی موجود تھیں۔خواتین رہنماؤں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل اور حکومت کی جانب سے قیمتوں کے تعین کا اختیار اوگرا کو دینے کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم لیوی عوام پر اضافی مالی بوجھ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایسی پالیسیاں ختم کرنا ہوں گی جو عوام اور معیشت پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں، تاکہ صنعتوں کو فروغ ملے اور عام آدمی کو ریلیف حاصل ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی پٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں، جبکہ بجلی کے بلوں میں فکسڈ ٹیکس کی مد میں بھی اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments