کمشنر سوشل سکیورٹی کے خلاف مزدور تحریک کا اعلان
مختلف شعبوں کے صدور کا مشترکہ اجلاس اتوار کی شام طلب کیا جائے گا
پینسرہ (نمائندہ دنیا ) امن گھر فیصل آباد میں مزدور رہنماؤں کا اہم اجلاس بابا لطیف انصاری کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مختلف مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر سوشل سکیورٹی کے خلاف بھرپور تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژن بھر کے رہنماؤں اور مختلف شعبوں کے صدور کا مشترکہ اجلاس اتوار کی شام طلب کیا جائے گا، جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بابا لطیف انصاری اور دیگر مقررین نے کہا کہ اس کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں بڑے مزدور جلسے منعقد کیے جائیں گے اور مزدوروں کے حقوق کے حصول کی جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب بھر سے کنٹری بیوشن کی مد میں اربوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں، مگر مزدوروں کو علاج، ادویات اور بنیادی طبی سہولیات میسر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد سوشل سیکیورٹی ہسپتال میں ایم آر آئی (MRI) اور سی ٹی سکین (CT Scan) جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی تشویشناک ہے ۔مقررین نے کہا کہ لاکھوں مزدور آج بھی سوشل سیکیورٹی کارڈ سے محروم ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments