7 ماہ میں 4 ہزار سے زائد اشتہاری گرفتار

 7 ماہ میں 4 ہزار سے زائد اشتہاری گرفتار

فیصل آباد پولیس نے کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا، جرائم کی شرح میں کمی ،قتل کے مقدمات میں مطلوب 136، اقدام قتل کے 172اشتہاری پکڑے گئے

فیصل آباد (عبدالباسط سے )ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، تاوان، بھتہ خوری، قتل، اقدام قتل، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب خطرناک اشتہاری ملزمان کے خلاف فیصل آباد پولیس نے کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق سال کے پہلے سات ماہ کے دوران مختلف مقدمات میں مطلوب 4 ہزار سے زائد اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا، جس سے جرائم کی شرح میں کمی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں بہتری آئی ہے ۔ذرائع کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کی ہدایات پر ٹاؤن، سرکل اور تھانہ سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے ہیومن انٹیلی جنس، سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائیاں کر رہی ہیں۔پولیس رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر اے کیٹیگری کے 1,558 اور بی کیٹیگری کے 2,527اشتہاری گرفتار کیے گئے۔

قتل کے مقدمات میں مطلوب 136، اقدام قتل کے 172جبکہ ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات میں مطلوب 1,418 اشتہاریوں کو بھی گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنیکل وسائل کی مدد سے اشتہاری ملزمان کے ٹھکانوں اور لوکیشن کا سراغ لگا کر آپریشن کیے جا رہے ہیں۔ آر پی او سہیل اختر سکھیرا اور سی پی او تنویر حسین کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور امن عامہ کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اشتہاری ملزمان کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کے نتیجے میں ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، تاوان، بھتہ خوری، قتل، اقدام قتل اور منشیات فروشی سمیت مختلف سنگین جرائم میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...