کرپشن کے خاتمے کیلئے عوامی شمولیت ناگزیر، فواد ہاشم ربانی
سرکاری محکموں میں میرٹ ،شفافیت، احتساب کو ہر صورت یقینی بنایاجائے گا
ملتان (لیڈی رپورٹر)ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے حکومتی اقدامات میں عوامی شمولیت ناگزیر ہے ، جبکہ سرکاری محکموں میں میرٹ، شفافیت اور احتساب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔وہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں نیب ملتان کے ڈائریکٹر انویسٹی گیشن عبدالخالق، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی ظہور حسین بھٹہ اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور قومی احتساب بیورو (نیب)کے درمیان مشترکہ ورکنگ ریلیشن شپ پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو کرپشن کے خاتمے ، بدعنوانی کی روک تھام اور احتساب کے نظام سے متعلق بھرپور آگاہی فراہم کرنے کے لئے مشترکہ مہم چلائی جائے گی۔فواد ہاشم ربانی نے بدعنوانی کی فوری رپورٹنگ کے لئے ڈیجیٹل پورٹلز اور مانیٹرنگ سیل کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام کے لئے تمام سرکاری محکموں کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کے حقوق اور نیب کے دائرہ اختیار سے متعلق آگاہ کرنے کے لئے خصوصی آگاہی مہم شروع کی جائے گی، جبکہ جنوبی پنجاب کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز، تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی مقامات پر سیمینارز، واکس اور آگاہی پروگرام منعقد کئے جائیں گے تاکہ شفاف اور جوابدہ نظام کو فروغ دیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments