یونیورسٹی سرگودھا کے 105اساتذہ کی مستقلی کے احکامات جاری

 یونیورسٹی سرگودھا کے 105اساتذہ کی مستقلی کے احکامات جاری

یونیورسٹی سرگودھا کے 105اساتذہ کی مستقلی کے احکامات جاری پروفیسر ڈاکٹر قیصرنے مستقل ہونے والے اساتذہ میں تقرری کے لیٹر تقسیم کئے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا نے مختلف تدریسی شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے 105 اساتذہ کی ملازمت مستقلی کے احکامات جاری کر دیے ۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے مستقل ہونے والے اساتذہ میں تقرری کے لیٹر تقسیم کیے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ کسی بھی جامعہ کی تعلیمی اور تحقیقی ترقی کا دارومدار اس کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، تحقیق سے وابستگی اور طلبہ کی تربیت پر ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقل تقرری اساتذہ کے لیے ایک اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے ، جس کا تقاضا ہے کہ وہ تدریس، تحقیق اور علمی خدمات میں مزید بہتری لائیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے گزشتہ برسوں کے دوران تدریس اور تحقیق کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے ، جس میں اساتذہ کے کردار کو بنیادی حیثیت حاصل ہے ۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ معیاری تدریس کے ساتھ تحقیق، جدت اور قومی ضرورت سے ہم آہنگ منصوبوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ جامعہ کی علمی خدمات مزید مؤثر ہو سکیں۔رجسٹرار وقار احمد نے بتایا کہ تقرری کا عمل تمام قانونی اور انتظامی تقاضے مکمل کرنے کے بعد سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں انجام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مستقل ہونے والے 105 اساتذہ میں 30 پروفیسرز، 10 ایسوسی ایٹ پروفیسرز، 27 اسسٹنٹ پروفیسرز اور 38 لیکچررز شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...