یومِ آزادی کی تیاریاں،پرچموں سے بازار ،شاہراہیں سج گئیں

یومِ آزادی کی تیاریاں،پرچموں سے بازار ،شاہراہیں سج گئیں

اسلام آباد سمیت ملک بھر میں جھنڈیاں، بیجز اور سٹیکرز کی فروخت میں نمایاں اضافہ ریکارڈسرکاری و نجی عمارات، گھروں، بازاروں اور گاڑیوں پر پرچم لہرانے کا سلسلہ جاری

 اسلام آباد (سید قیصر شاہ) یومِ آزادی کی تقریبات شایانِ شان انداز میں منانے کے لیے وفاقی دارالحکومت، ملحقہ علاقوں، آزاد کشمیر اور ملک بھر میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ اسلام آباد کے مصروف تجارتی مراکز، شاہراہوں ، بازاروں میں قومی پرچموں، جھنڈیوں اور جشنِ آزادی سے متعلق اشیا کے سٹال سج گئے جہاں ہر طرف سبز و سفید رنگ نمایاں ہے ۔اسلام آباد ایکسپریس وے ، سری نگر ہائی وے ، بلیو ایریا، مارگلہ روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں کے علاوہ مختلف سیکٹرز، بازاروں اور گلی محلوں میں دکانیں قومی پرچموں، جھنڈیوں، ملی نغموں، بینرز، بیجز اور سٹیکرز سے سجا دی گئی ہیں۔ سرکاری و نجی عمارات، گھروں اور کاروباری مراکز پر قومی پرچم لہرانے اور چراغاں کرنے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے ۔سٹالز پر بچوں، نوجوانوں اور خواتین سمیت ہر عمر کے افراد کیلئے بیجز، سٹیکرز، لاکٹس، ہینڈ بینڈز، کیپس، لیڈیز بیگز، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور سائیکلوں پر لگائے جانے والے قومی پرچم فروخت کیے جا رہے ہیں۔ بیجز اور سٹیکرز پر بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح، مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تصاویر نمایاں ہیں جبکہ پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ پر بھی قومی پرچم آویزاں کیے جا رہے ہیں۔ تاجروں کے مطابق رواں سال اگست کے پہلے ہفتے ہی سے جشنِ آزادی سے متعلق اشیا کی خریداری میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ درمیانے سائز کا قومی پرچم تقریباً 1500روپے جبکہ اعلیٰ معیار کے کپڑے اور کشیدہ کاری سے تیار کردہ پرچم 3000روپے تک فروخت ہو رہا ہے ۔ میٹل کا قومی بیج 40سے 70روپے، کیپ 100سے 400روپے اور قومی پرچم کے ڈیزائن والی مردانہ شرٹس 500سے 1,000روپے میں دستیاب ہیں۔ مختلف ڈیزائنوں کے بیجز، سٹیکرز اور دیگر آرائشی اشیا بھی شہریوں کی خصوصی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...