نظام مصطفی ؐکے نفاذ کیلئے جدو جہد تیز کرنا ہو گی :سنی تحریک
ربیع الاول میں گلیاں بازار سجانے کیساتھ ہمیں کردار کو بھی سجانا ہو گا:طاہر رضا
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام استقبالِ ربیع الاول کے سلسلے میں ریلی ایمن آبادی گیٹ جی ٹی روڈ سے نکالی گئی جس میں علما کرام، مشائخ عظام اور لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سنی تحریک کے صوبائی صدر وسطی پنجاب علامہ طاہر رضا قادری نے کہا کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کیلئے باعثِ رحمت ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تاجدارِ ختمِ نبوت کا جشنِ ولادت عاشقانِ رسول انتہائی شایانِ شان طریقے سے منائیں گے ۔ماہ ربیع الاول میں گلیاں بازار سجانے کے ساتھ ہمیں کردار کو بھی سجانا ہو گا،میلاد مصطفی منانے کا حقیقی تب ہی فائدہ ہو گا جب سیرت مصطفی پر عمل پیرا ہوں۔گے ،ملک میں نظام مصطفی ؐکے نفاذ کیلئے جدو جہد کوتیز کرنا ہو گا۔علامہ طاہر رضا قادری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ماہِ ربیع الاول کی آمد سے قبل میلاد جلوسوں کے تمام روٹس اور دیگر انتظامی معاملات فوری طور پر حل کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جشنِ میلاد کے شایانِ شان انعقاد کیلئے سرکاری سطح پر فنڈز بھی مختص کرے تاکہ ملک بھر میں محافل میلاد اور درود و سلام کے پروگراموں کو بہترین انداز میں منظم کیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments