ایس ایس پی شرقی پر سنگین الزامات کی انکوائری کا حکم

ایس ایس پی شرقی پر سنگین الزامات کی انکوائری کا حکم

دو ہفتوں کے اندر جامع انکوائری رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایتنذیر شیخ پر معذور بچے کے گھر چھاپے اور 5کروڑ بھتہ طلب کرنے کا الزام

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے سچل کے علاقے میں 11 سالہ معذور بچے کے خلاف مقدمہ درج ہونے اور عبوری ضمانت کے باوجود پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر گھر پر چھاپے مارنے کے معاملے پر ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے خلاف لگائے گئے سنگین الزامات کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے 11 سالہ معذور بچے کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا، جس کے بعد عدالت سے بچے کی عبوری ضمانت حاصل کرلی گئی، تاہم اس کے باوجود پولیس مسلسل گھر پر چھاپے مار رہی ہے اور اہل خانہ کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مزید الزام عائد کیا کہ ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کی جانب سے پانچ کروڑ روپے بھتہ طلب کیا جا رہا ہے ، جو نہایت سنگین نوعیت کا معاملہ ہے ۔ عدالت نے ان الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو معاملے کی انکوائری کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ دو ہفتوں کے اندر جامع انکوائری مکمل کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے ۔ عدالت نے کیس میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ درخواست میں عائد کیے گئے الزامات انتہائی سنگین نوعیت کے ہیں، جن کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...