ڈینگی کا خطرہ، صوبہ بھر میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا
تمام متعلقہ محکموں کو روزانہ کی بنیاد پر انسدادِ ڈینگی اقدامات کی رپورٹ ارسال کرنے ، ہنگامی تیاری مکمل رکھنے اور مریضوں کے لیے خصوصی وارڈز مختص کرنے کی ہدایات جاری محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، پی ایچ اے ، زراعت، جنگلات، لائیو سٹاک، ماحولیات، اوقاف، سول ڈیفنس، سوشل ویلفیٔر کو ٹاسک سونپ دیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حالیہ مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد حکومت پنجاب نے ڈینگی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے ۔ تمام متعلقہ محکموں کو روزانہ کی بنیاد پر انسدادِ ڈینگی اقدامات کی رپورٹ ارسال کرنے ، محکمہ صحت کو ہنگامی تیاری مکمل رکھنے اور سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے خصوصی وارڈز مختص کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ذرائع کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے ڈینگی مچھر کی افزائش کا خدشہ بڑھ گیا ہے ، جبکہ پنجاب کے متعدد اضلاع سے ڈینگی لاروا بھی برآمد ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر حکومت نے انسدادِ ڈینگی مہم مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے 19 محکموں کے ضلعی سربراہان کو مشترکہ کارروائی کا ٹاسک سونپ دیا ہے ۔ ان محکموں میں محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے )، محکمہ تعلیم، انہار، زراعت، جنگلات، لائیو سٹاک، ماحولیات، اوقاف، سول ڈیفنس، ایکسائز، بہبود آبادی، سوشل ویلفیٔر اور دیگر متعلقہ ادارے شامل ہیں۔حکومت نے ہدایت کی ہے کہ ٹائر شاپس، نرسریوں، جنک یارڈز، کباڑ خانوں، زیر تعمیر عمارتوں، قبرستانوں اور دیگر حساس مقامات پر ڈینگی لاروا کی افزائش کے خاتمے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر سرویلنس، چیکنگ اور کارروائیاں کی جائیں، جبکہ ہر محکمہ اپنی روزانہ کی کارکردگی رپورٹ بھی متعلقہ حکام کو ارسال کرے ،اس حوالے سے محکمہ صحت کو بھی ہدایت ہے کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈز، ادویات، تشخیصی سہولیات اور طبی عملے کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments