ڈپٹی کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ ،نکاسی آب کا جائزہ
ڈپٹی کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ ،نکاسی آب کا جائزہ رات کو واسا کا تمام فیلڈ اسٹاف طلب کرکے ہنگامی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہر اور گردونواح میں رات کے وقت ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے صبح شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف ڈسپوزل اسٹیشنز، مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور نشیبی علاقوں میں جاری نکاسی آب کے آپریشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رات کے دوران 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش شروع ہوتے ہی رات واسا کا تمام فیلڈ اسٹاف طلب کرکے ہنگامی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو فعال رکھا گیا جبکہ متبادل انتظامات بھی مکمل کیے گئے ۔ واسا کا فیلڈ اسٹاف پوری رات نکاسی آب کے کام میں مصروف رہا اور آپریشن تاحال بلا تعطل جاری ہے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کی تمام اہم شاہراہوں اور کریٹیکل مقامات سے بارشی پانی نکال کر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ہے جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے سٹی روڈ اور کچہری بازار کا خصوصی دورہ کیا اور وہاں دکانوں کے بیسمنٹس کا بھی معائنیہ کیا۔ انہیں بتایا کہ حالیہ بارشوں کے دوران سامنے آنے والی نکاسی آب کی خامیوں کو جاری منصوبے میں دور کیا جا رہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے واسا اور ستھرا پنجاب اتھارٹی کو ہدایت کی کہ جہاں جہاں سے بارشی پانی کی نکاسی مکمل ہو چکی ہے وہاں فوری طور پر صفائی، دھلائی اور کلیئرنس کا کام شروع کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی مکمل نکاسی تک تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں موجود رہیں اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے ۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب اتھارٹی محمد عاطف، چیف ایگزیکٹو آفیسر میونسپل احمد بلال، کارپوریشن، ایکسین فیسکو ملک مظہر اور تاجر نمائندے بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments