ہر افسر جوابدہ ،غفلت برداشت نہیں کی جائیگی، ڈپٹی کمشنر

ہر افسر جوابدہ ،غفلت برداشت نہیں کی جائیگی، ڈپٹی کمشنر

کھلے ڈرینز اور مین ہولز کو ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرکے فوری طور پر کور کیا جائےآوارہ کتوں کی تلفی کی مہم بھی فوری مکمل کی جائے، ندیم ناصر کا اجلاس سے خطاب

راولپنڈی (نیوز رپورٹر) راولپنڈی کو پنجاب کا بہترین اور مثالی ضلع بنانے کیلئے تمام سرکاری محکمے اپنی بھرپور صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائیں گے۔ کسی بھی افسر یا ادارے کی غفلت یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر متعلقہ افسر اپنی کارکردگی کا جواب دہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبے میں بہترین گورننس کیلئے جاری خصوصی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کھلے ڈرینز اور مین ہولز کو ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرکے فوری طور پر کور کیا جائے، جبکہ تمام شاہراہوں پر روڈ سائنز، زیبرا کراسنگ، بالخصوص سکولوں اور ہسپتالوں کے سامنے حفاظتی نشانات، سڑکوں کے اطراف صفائی، گرین بیلٹس کی بحالی، رنگ و روغن اور خوبصورتی کے تمام کام 16اگست تک مکمل کرکے جیو ٹیگ تصاویر کے ساتھ رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ان اقدامات کی تکمیل کیلئے 17اگست کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے اور کسی قسم کی تاخیر قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکمے اپنے علاقوں میں سرکاری اراضی کی حفاظت، پارکس، کھیل کے میدانوں، گرین بیلٹس اور دیگر ترقیاتی و خوبصورتی کے منصوبوں پر روزانہ کی بنیاد پر نمایاں پیش رفت یقینی بنائیں۔ شہر میں آوارہ کتوں کی تلفی کی مہم بھی فوری مکمل کی جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔ ادھر راولپنڈی کو مزید سرسبز، خوبصورت اور جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنے کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ہوا۔ راولپنڈی کے دس میٹرو بس سٹیشنز، میٹرو روٹ اور پلرز کی خوبصورتی، تزئین و آرائش اور شہری ماحول کو مزید دلکش بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور عملی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...