خستہ حال عمارتیں، ناقص سیوریج، جگہ جگہ گندا پانی، سبزی منڈی عذاب بن گئی

خستہ حال عمارتیں، ناقص سیوریج، جگہ جگہ گندا پانی، سبزی منڈی عذاب بن گئی

مون سون بارشوں نے منڈیوں کی ابتر حالت مزید نمایاں کر دی ،سڑکیں اور نکاسی آب کا نظام مزید تباہ،کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ،سرکاری املاک کو بھی نقصان

سرگودھا(نعیم فیصل ) صوبائی حکومت کے واضح احکامات، اعلیٰ سطحی انسپکشن ٹیم کی سفارشات اور ضلعی انتظامیہ کو سونپے گئے ٹاسک بھی سرگودھا کی فروٹ و سبزی منڈیوں کی قسمت نہ بدل سکے ، سات ماہ گزرنے کے باوجود نہ خستہ حال عمارتوں کی مرمت ہو سکی، نہ سیوریج کا نظام بہتر بنایا گیا اور نہ ہی صاف پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولت فراہم کی جا سکی، جبکہ حالیہ مون سون بارشوں نے منڈیوں کی ابتر حالت مزید نمایاں کر دی ہے ،ذرائع کے مطابق ایگزیکٹو انجینئر مارکیٹ کمیٹیز پنجاب فنڈ بورڈ کی سربراہی میں قائم اعلیٰ سطحی انسپکشن ٹیم نے سرگودھا ریجن کی فروٹ و سبزی منڈیوں، مارکیٹ کمیٹیوں کے دفاتر اور ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات پر مشتمل رپورٹ ضلعی حکام کو ارسال کی تھی،رپورٹ کی روشنی میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو سفارشات پر عملدرآمد کا ٹاسک بھی دیا گیا، تاہم سات ماہ گزرنے کے باوجود عملی طور پر کوئی نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ منڈیوں کی ٹوٹی ہوئی چار دیواریاں، خستہ حال عمارتیں، ناقص سیوریج، جگہ جگہ کھڑا گندا پانی اور پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی آج بھی تاجروں، آڑھتیوں، مزدوروں اور خریداروں کے لیے مستقل مسئلہ بنی ہوئی ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے بعد منڈیوں کی سڑکیں اور نکاسی آب کا نظام مزید تباہ ہو گیا، جس سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں اور سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچا،تشویشناک امر یہ ہے کہ حکومتی ہدایات کے باوجوداس حوالے سے قائم ضلعی کمیٹی فعال نہ ہو سکیں،تاجروں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ منڈیوں کی خستہ حالی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افسران کا تعین کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ لاکھوں روپے کی سرکاری املاک کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے اور تاجروں کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...