سندھ حکومت کا نوجوانوں کی لائیوکیریئر کونسلنگ کا فیصلہ
رواں ماہ سے مختلف صنعتوں کے ماہرین نوجوانوں کی کیریئر کونسلنگ کی ابتدا کریں گے ، شرجیل میمنلرن اینڈ ارن پروگرام کے تحت 1200 سے زائد عالمی معیار کے مختصر کورسز سکھائے جائیں گے ،سینئر وزیر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ نے آئی ورک فار سندھ کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کی لائیوکیریئر کونسلنگ کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ رواں ماہ سے مختلف صنعتوں کے ماہرین نوجوانوں کی کیریئر کونسلنگ کی ابتدا کریں گے ، آئی ورک فار سندھ کے لرن اینڈ ارن پلیٹ فارم سے اب تک 4935 افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، 2735 افراد نے مختلف کورسز مکمل کر لئے ہیں، جبکہ 2000 افراد ابھی بھی کورسز کر رہے ہیں، لرن اینڈ ارن پروگرام کے تحت 1200 سے زائد بین الاقوامی معیار کے مختصر کورسز سکھائے جائیں گے ۔ ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آئی ورک فار سندھ نوجوانوں کو روزگار کے ساتھ جدید مہارتوں سے بھی جوڑ رہا ہے ، سندھ حکومت کا پائلٹ پروجیکٹ آئی ورک فار سندھ نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کا جامع نظام بن چکا ہے ، بدلتے ہوئے عالمی روزگار کے منظرنامے میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ورک فار سندھ کے پلیٹ فارم پر مسلسل بڑھتی ہوئی عوامی شمولیت سندھ کے نوجوانوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی کا ثبوت ہے ، پلیٹ فارم پر 51 لاکھ سے زائد وزٹس، 1 لاکھ 19 ہزار امیدوار رجسٹرڈ، 16 ہزار سے زائد روزگار مواقع دستیاب ہیں، 695 کمپنیاں پلیٹ فارم کا حصہ بن چکی ہیں، جو نوجوانوں اور آجر اداروں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنا رہی ہیں۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آئی ورک فار سندھ کے پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک 16 ہزار 200 سے زائد فعال روزگار کے مواقع موجود ہیں، مجموعی طور پر 23 ہزار 400 سے زائد ملازمتوں کے مواقع آئی ورک فار سندھ پر پوسٹ کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا مقصد روزگار کے مواقع کو ڈیجیٹل طریقوں سے نوجوانوں تک پہنچانا اور انہیں جدید معیشت کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے ، آئی ورک فار سندھ روزگار، مہارتوں اور مواقع کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کی جانب سندھ حکومت کا ایک اہم اقدام ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments