جناح اسپتال : حمل کے ابتدائی مرحلے میں بروقت تشخیص کی سہولت کیلئے سینٹر قائم
نوعمر افراد کو جسمانی، ذہنی، غذائی اور تولیدی صحت سے متعلق رہنمائی اور علاج کے لیے محفوظ ماحول مہیا کیا جائے گا چیف سیکریٹری نے اسپتال کے گائناکالوجی وارڈ بی 9میں ایڈولیسنٹ کیئر یونٹ ون اسٹاپ سینٹر کا بھی افتتاح کیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے گائناکالوجی وارڈ 9-B میں ارلی پریگنینسی اسسمنٹ (ای پی اے ) اور ایڈولیسنٹ کیئر یونٹ (اے سی یو) ون اسٹاپ سینٹر کا افتتاح کردیا۔ اس مرکز کے قیام کا مقصد حمل کے ابتدائی مرحلے میں خواتین کو بروقت تشخیص، ماہرانہ مشاورت اور مربوط طبی سہولتیں فراہم کرنا ہے ، جبکہ نوعمر افراد کو جسمانی، ذہنی، غذائی اور تولیدی صحت سے متعلق رہنمائی اور علاج کے لیے محفوظ اور دوستانہ ماحول مہیا کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد شیئر، وارڈ 9-B کی سربراہ اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر ڈاکٹر نگہت علی شاہ، سینئر ڈاکٹرز، فیکلٹی اراکین، طبی عملے اور آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے اس مرکز کے قیام کو خواتین پر مرکوز ایک انتہائی اہم اقدام قرار دیتے ہوئے جناح اسپتال، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور وارڈ 9-B کی پوری ٹیم کو مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے جناح اسپتال کی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ادارے کو مزید فنڈز، وسائل اور مطلوبہ افرادی قوت فراہم کی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے کہا کہ حمل کے ابتدائی مرحلے میں بروقت تشخیص اور مناسب طبی رہنمائی سے ممکنہ پیچیدگیوں کو کم کرکے ماں اور بچے کی صحت کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد شیئر نے کہا کہ ون اسٹاپ سینٹر کے ذریعے خواتین اور نوعمر افراد کو ایک ہی مقام پر معائنہ، مشاورت، ابتدائی طبی امداد اور ضرورت کے مطابق متعلقہ شعبے کو ریفر کرنے کی سہولت حاصل ہوگی۔ پرو وائس چانسلرڈاکٹر نگہت علی شاہ نے بتایا کہ ارلی پریگنینسی اسسمنٹ یونٹ میں خواتین کو مربوط نظام کے تحت طبی معائنہ، تشخیص، مشاورت، ابتدائی علاج اور ضرورت کے مطابق متعلقہ ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments