سنگل اور ڈبل شفٹ سرکاری اسکولوں کے اوقات مقرر، سرکلر جاری، فوری نفاذ کا حکم
6اگست سے 31 اکتوبر تک سنگل شفٹ پرائمری اسکول پیر تا جمعرات صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجکر 30 منٹ تک کھلے رہیں گے ، جمعہ کو اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہوں گے
کراچی(این این آئی) محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے سرکاری اسکولوں کے اوقات سے متعلق نیا سرکلر جاری کر دیا جس کے مطابق نئے اوقات کا اطلاق 6 اگست 2026 سے فوری طور پر ہوگا، تمام سرکاری اسکول نئے شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ یہ اوقات آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہیں گے ۔سرکلر کے مطابق صوبے بھر کے سنگل اور ڈبل شفٹ اسکولوں کے اوقات مقرر کر دیے گئے ہیں۔ پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے لیے الگ الگ اوقات نافذ کیے گئے ہیں تاکہ تدریسی سرگرمیاں نئے شیڈول کے مطابق جاری رہیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق 6 اگست سے 31 اکتوبر تک سنگل شفٹ پرائمری اسکول پیر سے جمعرات صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بج کر 30 منٹ تک کھلے رہیں گے۔
جبکہ جمعہ کے روز اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ہوں گے ۔یکم نومبر سے 31 مارچ تک یہی اسکول صبح 8 بج کر 30 منٹ سے سہ پہر 3 بجے تک چلیں گے ۔سرکلر میں ڈبل شفٹ پرائمری اسکولوں کی پہلی اور دوسری شفٹ کے اوقات بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ ڈبل شفٹ ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کی پہلی شفٹ 6 اگست سے 31 اکتوبر تک صبح 7 بجکر 30 منٹ سے دوپہر 1 بجکر 30 منٹ تک ہوگی، جبکہ یکم نومبر سے 31 مارچ تک پہلی شفٹ صبح 8 بجے سے دوپہر 1 بج کر 45 منٹ تک جاری رہے گی۔محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے متعلقہ افسران اور اسکول سربراہان کو ہدایت جاری کی ہے کہ نئے شیڈول پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments