سیوریج شکایات کا ہنگامی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے :ایم ڈی واسا
ایک شکایت حل کردی گئی تو وہ دوبارہ کسی فورم پر سامنے نہیں آنی چاہیے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے سیوریج سے متعلق شہریوں کی شکایات کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ متعلقہ ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز شکایت کنندگان سے رابطہ کرکے ان سے فیڈ بیک حاصل کریں۔اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایم ڈی واسا نے کہا کہ شہر کے کسی بھی علاقے میں اگر ایک شکایت حل کردی گئی ہے تو وہ دوبارہ کسی فورم پر سامنے نہیں آنی چاہیے ۔ اگر حل شدہ شکایت دوبارہ موصول ہوئی تو متعلقہ آپریشنز افسر ذمہ دار ہوگا۔ثاقب رضا نے کہا کہ اس وقت شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج آپریشنز کی مکمل بحالی کے لیے متعدد پائپ لائن بچھانے کی ترقیاتی سکیمیں زیر تکمیل ہیں، جس کے باعث بعض علاقوں میں سیوریج آپریشنز سے متعلق مسائل درپیش ہیں، تاہم شکایات کا فوری ازالہ آپریشنز افسران اور عملے کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔انہوں نے پی ایس 34 سمن آباد، جھنگ روڈ پر مین فورس لائن، دائود چوک مین فورس لائن سمیت دیگر ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ تمام منصوبے بروقت مکمل ہوں اور ان کے ثمرات شہریوں تک پہنچ سکیں۔ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے واضح کیا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی بہتر سہولیات کی فراہمی ادارے کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments