انسداد پولیو ،غفلت برداشت نہیں، سو فیصد کوریج یقینی بنانے کا حکم
ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ، پری کمپین انتظامات، فیلڈ مانیٹرنگ پر بریفنگ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)سپیشل سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اور سربراہ پولیو پروگرام پنجاب خالد پرویز اور ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت آئندہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات اور گزشتہ مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں آئندہ انسداد پولیو مہم کے لیے پری کمپین انتظامات، مائیکرو پلاننگ، ٹیموں کی تشکیل، ٹرانزٹ پوائنٹس اور فیلڈ مانیٹرنگ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ گزشتہ پولیو مہم کی کارکردگی اور حاصل کیے گئے اہداف کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سربراہ پولیو پروگرام پنجاب خالد پرویز نے پری کمپین انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت قابل قبول نہیں۔ قومی وقار اور پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ کو مدنظر رکھتے ہوئے مہم کے ہر مرحلے میں اعلیٰ معیار یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کی کوالٹی صرف کاغذی کارروائی تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ فیلڈ میں بھی اس کی مکمل تصدیق اور درستگی یقینی بنائی جائے۔
پولیو ٹیموں کی تربیت، مانیٹرنگ، کوریج اور فیلڈ سرگرمیوں کو مؤثر بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے ۔خالد پرویز نے ہدایت کی کہ پری کمپین ایکسرسائز کو سنجیدگی سے مکمل کیا جائے اور فیلڈ میں سامنے آنے والے مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے ۔ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ فیصل آباد میں انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور مہم کے دوران سو فیصد کوریج یقینی بنانے کے لیے مؤثر فیلڈ مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ قومی ذمہ داری ہے۔ ، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی فیلڈ میں موجودگی، کارکردگی اور بچوں کی ویکسینیشن کی مکمل نگرانی کی جائے جبکہ رہ جانے والے بچوں کو فوری طور پر ویکسینیشن کے دائرے میں لایا جائے ۔اجلاس میں پولیو مہم کے دوران سکیورٹی انتظامات، ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی توجہ، ٹیموں کی مانیٹرنگ، مسنگ چلڈرن کی کوریج اور مہم کے بعد ڈیٹا ویلیڈیشن کے امور بھی زیر غور آئے ۔ اجلاس میں محکمہ صحت، پولیو پروگرام اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments