یونیورسٹی آف کمالیہ، ڈسکوری ڈے ، طلبہ کی صلاحیتوں کا اظہار
طلبہ میں چھپی صلاحیتوں کو سامنے لانے کیلئے ایسے پروگرام اہم :پروفیسر ڈاکٹر یاسر
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وائس چانسلر یونیورسٹی آف کمالیہ پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے کہا ہے کہ جامعہ کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کے ساتھ ایسی عملی صلاحیتیں فراہم کرنا ہے جو انہیں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنائیں۔ آج کے دور میں صرف ڈگری کا حصول کافی نہیں بلکہ طلبہ میں تحقیق، تخلیقی سوچ، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت، ٹیکنالوجی کے استعمال اور عملی زندگی کی مہارتیں پیدا کرنا بھی ناگزیر ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسکوری ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ میں چھپی صلاحیتوں کو سامنے لانے کے لیے ایسے پروگرام انتہائی اہم ہیں، کیونکہ کلاس روم کی تعلیم کے ساتھ عملی سرگرمیاں نوجوانوں کے اعتماد اور تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہیں۔اس موقع پر طلبہ و طالبات نے مختلف تعلیمی و تخلیقی اسٹالز، پراجیکٹس، تھیٹر اور شارٹ فلمز کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ طلبہ نے سائنس، ٹیکنالوجی، آرٹ، انٹرپرینیورشپ اور دیگر شعبوں سے متعلق اسٹالز سجائے ، جن میں والدین، اساتذہ اور مقامی کمیونٹی نے خصوصی دلچسپی لی۔ طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے تھیٹر پلے اور شارٹ فلمز نے بھی حاضرین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments