مہنگائی ،چائے خانوں کی رونقیں ماند ، عوام ریلیف کے منتظر

مہنگائی ،چائے خانوں کی رونقیں ماند ، عوام ریلیف کے منتظر

ایک دوسرے کو تحائف دینے کا رواج بھی کم ہوتا جا رہا ،معاشرتی تعلقات پر منفی اثرات

چناب نگر (نامہ نگار )چناب نگر میں مہنگائی عوامی حلقوں میں موضوع بحث بن چکی ہے ۔ کوئی بھاری بھرکم بجلی کے بلوں کا شکوہ کرتا دکھائی دیتا ہے تو کوئی روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کے روز بروز بڑھتے نرخوں کا رونا روتا نظر آتا ہے ۔ بڑھتی مہنگائی نے چائے خانوں کی رونقیں بھی ماند کر دی ہیں، جہاں ماضی میں شہری چائے پینے کے بہانے دوستوں اور عزیزوں سے گپ شپ کے ساتھ ایک دوسرے کے دکھ سکھ، غمی اور خوشی کی معلومات بھی شیئر کیا کرتے تھے ۔عوامی حلقوں کے مطابق مہنگائی کے باعث ان محفلوں میں پڑھے لکھے افراد کی شرکت بھی کم ہوتی جا رہی ہے۔ بڑھتی مہنگائی نے معاشرتی نظام کو بھی متاثر کیا ہے اور لوگوں کے لیے عزیز و اقارب کے ہاں آنا جانا اور میل جول رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

جس کی بڑی وجہ آمدورفت کے بڑھتے ہوئے اخراجات ہیں۔ اسی طرح ایک دوسرے کو تحائف دینے کا رواج بھی کم ہوتا جا رہا ہے ، جس کے معاشرتی تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث مہمان نوازی بھی محدود ہو کر رہ گئی ہے جبکہ چلتے پھرتے لوگوں کے چہروں پر مایوسی اور پریشانی کے آثار نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی میں کمی اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ معاشرتی میل جول بحال ہو اور شہری مایوسی کے گرداب سے نکل سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...