پابندی کے باوجود پولی تھین بیگز کا استعمال جاری
گرم کھانے پینے کی اشیا بھی پلاسٹک تھیلوں میں ڈالنے سے شہریوں میں صحت کے حوالے سے تشویش ، متعلقہ ادارے عملی طور پر پابندی پر عملدرآمد یقینی بنائیں :شہری
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)پابندی کے باوجود فیصل آباد شہر اور گردونواح میں پولی تھین بیگز کا استعمال ختم نہ ہو سکا، بازاروں اور دکانوں پر شہریوں کو خریداری کا سامان بدستور پلاسٹک کے تھیلوں میں فراہم کیا جا رہا ہے ، جبکہ دودھ، دہی، گوشت، سبزی، پھل، کریانہ اور دیگر اشیائے خورونوش بھی انہی بیگز میں ڈال کر فروخت کی جا رہی ہیں۔ گرم کھانے پینے کی اشیا بھی پلاسٹک تھیلوں میں ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے جس پر شہریوں میں صحت کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے ۔حکومت کی جانب سے پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی کے باوجود فیصل آباد کے مختلف شاپنگ سنٹرز، بازاروں، دودھ دہی کی دکانوں، فروٹ و سبزی فروشوں، گوشت کی دکانوں، کریانہ سٹورز، ہوٹلز اور فوڈ پوائنٹس پر پلاسٹک کے تھیلوں کا استعمال عام ہے ۔ دکاندار معمولی خریداری سے لے کر کھانے پینے کی اشیا تک ہر چیز پلاسٹک بیگز میں فراہم کر رہے ہیں، جبکہ بعض مقامات پر گرم کھانا بھی براہ راست پلاسٹک تھیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق غیر معیاری پلاسٹک بیگز میں استعمال ہونے والے بعض کیمیکلز خوراک کے ساتھ انسانی جسم میں داخل ہو سکتے ہیں، جبکہ گرم کھانے کو پلاسٹک میں ڈالنے سے مضر اجزا کے خوراک میں منتقل ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی عائد ہے تو شہر بھر کی دکانوں پر یہ تھیلے سرعام کیسے دستیاب ہیں۔ متعلقہ اداروں کو صرف اعلانات اور وقتی کارروائیوں کے بجائے عملی طور پر پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے ۔شہریوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے پلاسٹک کے استعمال کے خلاف اقدامات کے باوجود فیصل آباد میں پولی تھین بیگز کا کھلے عام استعمال متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ حکام کو چاہیے کہ ممنوعہ بیگز کی تیاری اور سپلائی کے ساتھ ساتھ ان کے استعمال کے خلاف بھی مؤثر اور مستقل کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments