ٹوبہ :گاڑی فٹنس سرٹیفکیٹ کا مرکز نہ ہونے سے شہری پریشان
شہریوں کو فٹنس ٹیسٹ کے لیے مجبوری میں دوسرے شہروں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) نجی گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے ضلع بھر میں پرائیویٹ وہیکل انسپکشن سرٹیفکیٹ سروس کا مرکز موجود نہ ہونے کے باعث شہریوں کو فٹنس ٹیسٹ کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے ، جس سے وقت کے ضیاع سمیت بھاری اخراجات نے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے نجی گاڑیوں کی انسپکشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے صوبہ بھر میں پرائیویٹ وہیکل انسپکشن سرٹیفکیٹ سروس کا نظام متعارف کروایا ہے ۔ اس مقصد کے لیے ورکشاپ مالکان لائسنس حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، تاہم ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تاحال کسی ورکشاپ کی جانب سے درخواست دینے یا اس سروس میں دلچسپی ظاہر کرنے کا معاملہ سامنے نہیں آیا۔
قبل ازیں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سرکاری وہیکل انسپکشن سرٹیفکیٹ سروس کے تحت کمرشل اور پبلک سروس گاڑیوں کی انسپکشن کی جاتی ہے ، جبکہ نجی گاڑیوں کے لیے پرائیویٹ وہیکل انسپکشن سرٹیفکیٹ سروس کے تحت لائسنس یافتہ ورکشاپ درکار ہے ۔ ضلع میں اس نوعیت کا کوئی مجاز مرکز نہ ہونے کے باعث نجی گاڑیوں کے مالکان کو فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے دوسرے شہروں کا سفر کرنا پڑ رہا ہے ، جس سے وقت اور اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔فٹنس انسپکشن کے دوران گاڑی کے حفاظتی نظام اور دھوئیں کے اخراج سمیت دیگر ضروری امور کا معائنہ کیا جائے گا۔ ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والی گاڑی پر کیو آر کوڈ والا اسٹیکر آویزاں کیا جائے گا اور فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔اس سلسلے میں پنجاب حکومت کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ 15 نومبر کے پیش نظر گاڑی مالکان کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر متعلقہ قواعد کے مطابق اپنی گاڑیوں کی انسپکشن مکمل کروائیں۔ بصورت دیگر خلاف ورزی پر پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments