ٹوبہ:مرغیوں کی باقیات کھلی گاڑیوں میں منتقل،تعفن پھیلنے لگا
شدید بدبو سے پریشانی کاسامنا،باقیات منتقلی کا نظام وضع کیا جائے :شہری
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) محکمہ ماحولیات کی مبینہ چشم پوشی کے باعث برائلر گوشت کی دکانوں اور سیل پوائنٹس سے مرغیوں کی باقیات کھلی گاڑیوں میں منتقل کیے جانے سے شہر بھر میں تعفن اور ماحولیاتی آلودگی پھیلنے لگی، جس سے شہریوں کا جینا دوبھر ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی دکانوں اور سیل پوائنٹس سے روزانہ کئی من باقیات اکٹھی کرنے والی اوپن باڈی گاڑیاں شہر بھر میں بدبو اور تعفن پھیلانے کا باعث بن رہی ہیں۔ ان گاڑیوں کے گزرنے سے فضا میں شدید بدبو پھیل جاتی ہے ، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ ماحولیات کے عملے کی مبینہ غفلت اور عدم توجہی کے باعث یہ مسئلہ روز بروز سنگین ہوتا جا رہا ہے ۔ گوشت کی باقیات کو کھلے عام گلیوں اور سڑکوں سے گزارنے کے باعث ماحول آلودہ ہو رہا ہے اور جراثیم کے پھیلاؤ کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے صحت کے مسائل پیدا ہونے کا اندیشہ ہے ، اس لیے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر اقدامات کرنے چاہئیں ۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ برائلر مرغیوں کی باقیات کو رات کے اوقات میں بند گاڑیوں کے ذریعے منتقل کرنے کا باقاعدہ نظام وضع کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments