ٹوبہ گوجرہ روڈ کی گرین بیلٹ بدانتظامی کی نذر، خوبصورتی متاثر
جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر بھی لگ گئے ،ڈپٹی کمشنرسے فوری نوٹس لینے کامطالبہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ٹوبہ گوجرہ روڈ پر ریلوے لائن کے ساتھ قائم خوبصورت گرین بیلٹ بدانتظامی اور عدم توجہی کے باعث تباہی کا شکار ہونے لگی۔ شہر کی اہم شاہراہ پر واقع یہ گرین بیلٹ ماضی میں شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کے لیے سیر و تفریح کا بہترین مقام تھی، جہاں سرسبز ماحول، درخت اور دلکش مناظر شہریوں کی توجہ کا مرکز ہوتے تھے ، تاہم اب صورتحال یکسر تبدیل ہو چکی ہے ۔عمارتوں اور سڑکوں کی تعمیر کے دوران ٹھیکیداروں اور متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت کے باعث تعمیراتی ملبہ گرین بیلٹ پر پھینکا جا رہا ہے ، جبکہ دوسری جانب متعدد گاڑیوں کی ورکشاپس نے اس سرکاری جگہ پر قبضہ جما رکھا ہے۔
اس کے نتیجے میں نہ صرف سبزہ ختم ہو رہا ہے بلکہ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر بھی لگ گئے ہیں۔چائلڈ سیفٹی اور فیملی واک کے حوالے سے مشہور یہ مقام اب آلودگی اور شور کا مرکز بن چکا ہے ۔ شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین بیلٹ کی تباہی سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ اس سرکاری جگہ کو تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں سے واگزار کرایا جائے اور اس کی سابقہ خوبصورتی بحال کی جائے ۔ عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے اور عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ٹوبہ گوجرہ روڈ کی گرین بیلٹ پر دوبارہ سبزہ بحال ہو اور شہریوں کو صحت مند ماحول میسر آ سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments