سمبڑیال:ہیلمٹ کی قیمتیں بڑھنے پر شہریوں کا احتجاج

 سمبڑیال:ہیلمٹ کی قیمتیں بڑھنے پر شہریوں کا احتجاج

سمبڑیال(سٹی رپورٹر)سمبڑیال شہر و گردونواح میں ہیلمٹ کی قیمتیں بڑھنے پر شہری سراپا احتجاج بن گئے ، ہیلمٹ فروش مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیلمٹ کی دوگنا قیمتیں وصول کرنے لگے ۔

شہر سمبڑیال و گردونواح میں میں ہیلمٹ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ سامنے آیا ۔ شہریوں کے مطابق کچھ دکاندار عوام کی ضرورت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیلمٹ من مانے داموں فروخت کر رہے ہیں جس سے عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے ۔عوام کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیلمٹ کے استعمال کی سختی کے بعد شہر کے مختلف بازاروں میں بعض دکانداروں نے قیمتیں اچانک بڑھا دی ہیں، معمولی معیار کے ہیلمٹ بھی مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے ہیں، جب کہ معیاری ہیلمٹ کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی ہے ۔شہریوں نے ڈی سی صبا اصغر علی، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال اور متعلقہ کنٹرولنگ اتھارٹیز سے مطالبہ کیا ہے کہ فیلڈ میں ٹیمیں بھیج کر مارکیٹوں کا معائنہ کیا جائے ، ناجائز منافع خوری میں ملوث دکانداروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ شہریوں نے یہ بھی کہا کہ اگر انتظامیہ نے فوری نوٹس نہ لیا تو ہیلمٹ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ شہریوں کیلئے مزید مشکلات پیدا کرے گا لہذا مصنوعی مہنگائی کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات ناگزیر ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں