گرمولہ روڈ پر ڈاکوؤں کی لوٹ مار،شہریوں کو باندھ دیا
نوشہرہ ورکاں(تحصیل رپورٹر )گرمولہ روڈ پر تین ڈاکوؤں کی لوٹ مار،رات آٹھ بجے لاکھوں روپے اور متعدد موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ،
بتایاگیا ہے کہ ہرن مینار انٹر چینج سے نوشہرہ ورکاں آنے پر والے گرمولہ روڈ پر موٹر سائیکل سوار ٹراؤزر شرٹ پہنے تین ڈاکوئوں نے قریبی دیہات کو جانے والی گاڑیوں،موٹر سائیکل سواروں کو روک کر رقم ، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا چھین لیں، ڈاکوئوں نے عین اس مقام پر ناکہ لگا کر لوٹ مارکی جہاں پولیس ناکہ لگا چیکنگ کرتی تھی متاثرین بابر منج، مرزا نعمان بیگ، محمد عرفان ساکن بھنگواں، ججی ڈوگر اور دیگر افراد کے مطابق ڈاکوؤں نے بعض شہریوں کو رسیوں سے باندھ کر برسیم کے کھیتوں میں بٹھائے رکھا اور متعدد افراد سے گن پوائنٹ پر موبائل فونز کے ذریعے جاز کیش اور ایزی پیسہ سے رقوم بھی ٹرانسفر کر ائیں۔ متاثرین کے مطابق مجموعی نقصان10لاکھ روپے سے زائد ہے ۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گرمولہ روڈ پر پولیس چوکی کے قیام کیلئے علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اراضی بھی فراہم کی تاہم تاحال مستقل چوکی قائم نہیں کی گئی ۔ اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے ، مستقل پولیس چوکی کے قیام، لوٹی گئی رقوم و موبائل فونز کی برآمدگی اور ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔