جی سی یو سے الحاق شدہ کالجز کے امتحانی نتائج کا اعلان

جی سی یو سے الحاق شدہ کالجز کے امتحانی نتائج کا اعلان

10,535 طلبہ کی امتحانات میں شرکت، 9,960 امیدوار کامیاب قرار

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد نے اپنے الحاق شدہ گورنمنٹ کالجز کے فال سمسٹر سیشن 2022-2026 کے امتحانات کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ نتائج کا اجرا وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم کی منظوری سے گزٹ نوٹیفکیشن کی صورت میں کیا گیا۔ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر اسرار چوہدری نے ڈائریکٹر کالجز فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ اور مختلف گورنمنٹ کالجز کے پرنسپلز کے ہمراہ وائس چانسلر سے ملاقات کی اور فال سمسٹر کے نتائج پیش کیے جسکے بعد باضابطہ طور پر گزٹ جاری کیا گیا۔جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 10,535 طلبا و طالبات نے امتحانات میں شرکت کی، جن میں سے 9,960 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

وائس چانسلر نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی اپنے الحاق شدہ کالجز میں شفاف، معیاری اور بروقت امتحانی نظام کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار کی بہتری، نتائج کی بروقت تیاری اور شفافیت یونیورسٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،اور اس ضمن میں کنٹرولر امتحانات آفس اور کالجز انتظامیہ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ الحاق شدہ کالجز میں تعلیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے اور طلبہ کی علمی استعداد میں اضافہ کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کا عمل مزید مستحکم ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں