اسلام آباد کی سکیورٹی سخت،جرائم پیشہ افراد کی نگرانی کی ہدایت
تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں،آئی جی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں ماہِ رمضان کے دوران سکیورٹی، امن و امان اور ٹریفک مینجمنٹ کے جامع انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی کو رمضان المبارک کے سکیورٹی اقدامات اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور ڈیوٹی پر مامور افسران کو بریف کریں۔
انہوں نے زور دیا کہ مساجد، امام بارگاہوں، رمضان بازاروں، شاپنگ سینٹرز اور عوامی مقامات پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ نمازِ فجر، افطار اور نمازِ تراویح کے اوقات میں خصوصی پٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے جبکہ افسران خود موقع پر جا کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے اور مشکوک افراد و گاڑیوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔