سکرین ہاؤسز کیلئے ٹینڈرنگ کے عمل کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ
وزیرِ زراعت پنجاب کی زیرِ صدارت سِٹرَس بحالی پروگرام سے متعلق اجلاس،کمیٹی قائم
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) وزیرِ زراعت پنجاب عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت سِٹرَس بحالی پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ منصوبہ کے تحت جاری سرگرمیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور سکرین ہاؤسز کیلئے ٹینڈرنگ کے عمل کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر سکرین ہاؤسز کے لیے تجربہ کار اور اعلیٰ صلاحیت کی حامل کنسٹرکشن فرموں کو ٹینڈرنگ کے عمل میں شامل کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ مزید برآں محسن شاہنواز رانجھا، اسامہ خان اور آغا نبیل پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو ٹینڈرنگ کے عمل کا ازسرِ نو جائزہ لے گی اور متعین کردہ معیار کے مطابق تعمیراتی عمل کو یقینی بنائے گی۔ سرگودھا میں 8اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 3سکرین ہاؤسز کے قیام سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔