حکومت عوام کو ریلیف کیلئے اقدامات کر رہی :سلمیٰ بٹ
گجرات(سٹی رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی معاون برائے فوڈ سیفٹی و کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ نے نگہبان رمضان بازار جی ٹی روڈ گجرات میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ۔۔۔
حکومت پنجاب عوام کو رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر عوامی خدمت کے وژن پر عمل پیرا ہے ۔ اسی مقصد کے تحت نگہبان رمضان راشن کارڈز اور رمضان سہولت بازاروں کے ذریعے شہریوں کو اشیا ضروریہ رعایتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں 75 رمضان سہولت بازار قائم کیے گئے ہیں جہاں سرکاری طور پر مقررہ نرخوں سے بھی کم قیمتوں پر اشیا دستیاب ہیں۔ سلمیٰ بٹ نے کہا کہ اوور چارجنگ کے خلاف حکومت زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کر رہی ہے اور ضلع گجرات میں بھی اوور چارجنگ پر متعدد ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ انہوں نے گجرات کے رمضان سہولت بازار میں تاجر برادری کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون سے یہاں ایک مثالی مارکیٹ قائم کی گئی ہے جہاں شہریوں کو معیاری اشیا مناسب قیمتوں پر دستیاب ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ ذوالفقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون سمیت دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔